تعارف

ایسوسی ایشن آف مشتاقانِ نور

جب اولاد کی تربیت کی بات ہوتی ہے تو زیادہ تر والدین تربیت کی اہمیت کا احساس تو رکھتے ہیں، مگر اس راہ میں اپنی اپنی مشکلات کا تذکرہ کرتے ہیں۔ کسی کے پاس وقت کی قلت ہے تو کوئی معاشی مسائل کا رونا روتا ہے۔ کوئی تربیت نہ کر سکنے کا عذر پیش کرتا ہے تو بعض تربیت اولاد کا احساس ہی نہیں رکھتے۔ جب اکثر والدین تربیت اولاد کے اہم فریضے کو ادا نہیں کر سکتے تو اس عظیم فریضے کو کون ادا کرے گا؟


انہی مقاصد کے حصول کی خاطر ایسوسی ایشن آف مشتاقانِ نور (امن)نے تعلیمات محمد و آل محمد علیہم السلام کی روشنی میں بچوں کی تربیت کے لئے کلاسز کا ایسا نظام روشناس کروایا ہے جو امام محمد باقر (ع) کی سیرت سے متاثر ہو کر قائم کی گئی ہیں۔ امام محمد باقر (ع) نے اسی طرح کی کلاسز کے ذریعے لوگوں میں اسلامی معارف عام کئے اور شاگردوں کی تربیت کے بعد انہیں دور دراز علاقوں میں بھیجاتاکہ وہ بھی درست عقائد لوگوں تک پہنچائیں ۔


ان کلاسز میں زنگ آلود دلوں کو ولائے اہل ہیت (ع) سے ثیقل کرنے کی کوشش کی جاتی ہے؛ قرآن فہمی اور مسائل ضروریہ سے آگاہی دی جاتی ہے؛اخلاق اسلامی کو اپنانے کی ترغیب و تحریص دلائی جاتی ہے اور تخلیق کے مقصد عظیم سے شناسا کرایا جاتا ہے۔ اور یہ سب کچھ بچوں کے معمولات کو بے ربط کئے بغیر کیا جاتا ہے۔ یہ کلاسز ہفتے میں فقط ایک دن صرف دو اڑھائی گھنٹے کے لئے بغیر کسی معاوضے کے آپ کے گھر یا آپ کے گھر کے قریب منعقد کی جا سکتی ہیں۔


اگر آپ اپنے بچے یا بچیوں کو تعلیمات محمد و آل محمد علیم السلام اور اخلاقِ اسلامی سے آراستہ کرنا اور اپنے جگر گوشوں کو متدین دیکھنا چاہتے ہیں اور یہ خواہش رکھتے ہیں کہ ہمارے جوان سیرت معصوم (ع) پر عمل پیرا ہوں، ان کے قلوب معرفت امام زمان (ع) سے منور، ان کا دامنِ حیات انتظار کی برکتوں سے لبریز اور ان کی آنکھوں میں یوسف زہرا (ع) کی آمد کی چمک ہو تو قدم بڑھائیے ہم آپ کے ساتھ ہیں.